
افسوسناک واقعات کی یہ سلسلہ جمعرات کی شام اس وقت شروع ہوئی جب اچانک آنے والی شدید آندھی نے خان پور ڈیم پر تفریح کیلئے آئی ایک فیملی کی کشتی کو الٹ دیا۔
پشاور سے آئے ایک ہی خاندان کے 6 افراد کشتی الٹنے سے ڈیم میں ڈوب گئے۔ مقامی غوطہ خوروں کی بروقت کارروائی سے 5 افراد کو زندہ بچا لیا گیا تاہم ایک نوجوان تاحال لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے۔ امدادی ٹیمیں مسلسل ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔
دوسرا افسوسناک واقعہ خان پور کے علاقے سراہدنہ میں پیش آیا، جہاں آندھی کے باعث کچی دیوار گر گئی،جس کے نتیجے میں ملبے تلے دب کر 8ویں جماعت کا طالب علم جان کی بازی ہار گیا جبکہ 2 بچے زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال خان پور منتقل کیا گیا۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش، بجلی کا ترسیلی نظام ٹھپ
تیسرا واقعہ خان پور ڈیم کے قریب پیش آیا، جہاں تیز آندھی کے باعث دو موٹر سائیکل سوار آپس میں ٹکرا گئے۔ حادثے میں اسلام آباد کا رہائشی ایک نوجوان موقع پر ہی جاںبحق ہو گیا۔
ڈپٹی کمشنر ہری پور نے ہنگامی صورتحال کے پیش نظر ڈی ایچ کیو ہسپتال سمیت تمام طبی اداروں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ طوفان کی شدت نے علاقے بھر میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے۔



