
جیل انتظامیہ نے سکیورٹی اور انتظامی وجوہات کو بنیاد بناتے ہوئے تمام قیدیوں اور حوالاتیوں سے عام ملاقاتوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور وکیل انتظار پنجھوتھا کی جانب سے عمران خان سے ملاقات کیلئے 6 سینئر سیاسی شخصیات کی فہرست جیل حکام کو بھجوائی گئی تھی، جن میں سید فخر جہان، سہیل خان، شاہد خٹک، میاں غوث، اظہر طارق اور بلال عمر بودلہ شامل تھے۔ تاہم یہ ملاقات اب ملتوی کر دی گئی ہے اور امکان ہے کہ آئندہ ہفتے دوبارہ شیڈول کیا جائے گا۔
جیل حکام کا کہنا ہے کہ ہر عام تعطیل کے روز جیل میں سکیورٹی اقدامات کو مزید سخت کر دیا جاتا ہے اور کسی بھی قسم کی ملاقاتوں کی اجازت نہیں دی جاتی۔ تمام قیدیوں کے اہل خانہ اور متعلقہ سیاسی نمائندوں کو پہلے ہی اس بارے میں آگاہ کر دیا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق اگلے ہفتے کے آغاز میں اڈیالہ جیل میں ملاقاتوں کا نیا شیڈول جاری کیا جائے گا، جس کے تحت عمران خان کے سیاسی رفقا سے ملاقات کا دوبارہ امکان پیدا ہوگا۔
خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ تعطیل کے باعث ملاقاتیں ملتوی کی گئی ہوں، تاہم عمران خان سے ملاقاتیں اب ایک سیاسی اہمیت اختیار کر چکی ہیں، جس کے باعث ہر ایسی تاخیر توجہ کا مرکز بن جاتی ہے۔



