
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق، یہ واقعہ 29 اور 30 اپریل کی درمیانی رات پیش آیا جب بھارتی فضائیہ کے چار رافیل طیاروں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی فضاؤں میں گشت کیا۔ بھارتی طیارے اگرچہ اپنی جغرافیائی حدود کے اندر موجود تھے، تاہم ان کی مشکوک نقل و حرکت کو پاکستان ایئر فورس نے فوری طور پر محسوس کیا اور فوراً کارروائی کی۔ پاک فضائیہ کے ریڈار سسٹمز اور طیاروں نے انڈین طیاروں کی موجودگی کی نشاندہی کی، جس کے بعد پاکستانی طیارے فوری طور پر الرٹ پر آگئے اور مطلوبہ علاقے کی طرف پیش قدمی کی۔
پاکستانی فضائیہ کی بروقت اور بھرپور کارروائی کے باعث بھارتی رافیل طیارے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئے اور کسی بھی ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے واپس پلٹنے پر مجبور ہو گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کا ردعمل نہایت پیشہ ورانہ اور مؤثر تھا، جس نے بھارتی طیاروں کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان کی فضائی حدود کے قریب کسی بھی مہم جوئی کی کوشش کا سخت جواب دیا جائے گا۔
ترجمان پاک افواج نے اس واقعے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج ہر قسم کی بھارتی جارحیت کے خلاف ہمہ وقت تیار ہیں اور وطن عزیز کے دفاع کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔