
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ڈیجیٹل فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں آئی ٹی کے شعبے نے حالیہ برسوں میں بے پناہ ترقی کی ہے اور اس کامیابی کو قومی سطح پر پھیلایا جائے گا، حکومت نے ہونہار طلباء کو لیپ ٹاپ فراہم کیے تاکہ وہ تعلیم اور ٹیکنالوجی کے میدان میں آگے بڑھ سکیں، پاکستان کی آبادی کا 60 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو کہ ملک کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی نوجوان دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور ملک میں سیف سٹی جیسے جدید ٹیکنالوجی منصوبے متعارف کرائے جا چکے ہیں، جو آئی ٹی کے بہتر استعمال کی مثال ہیں، حکومت نے مصنوعی ذہانت (Artificial Intelligence) اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں نوجوانوں کی تعلیم و تربیت کے لیے بڑے منصوبے شروع کیے ہیں تاکہ ملک کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے، زراعت، صنعت، برآمدات، صحت اور تعلیم جیسے اہم شعبوں میں بھی آئی ٹی اور اے آئی سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا رہا ہے۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ آئی ٹی سیکٹر میں بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں، ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کہ وہ پاکستان کے ڈیجیٹل انویسٹمنٹ ماحول سے فائدہ اٹھائیں، کیونکہ یہ وقت ڈیجیٹل ترقی میں سرمایہ کاری کا بہترین موقع ہے۔