
نیشنل ڈیٹابیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کی جانب سے ڈی میٹیریلائزڈ شناختی کارڈ متعارف کرادیا گیا ہے، جو اب شہریوں کیلئے اپنے قومی شناختی کارڈ یا اس کی فوٹو کاپی جیب میں رکھنے کی ضرورت کو ختم کر دے گا۔
پاک آئی ڈی نامی موبائل ایپ کے ذریعے شہری اب اپنا ڈیجیٹل شناختی کارڈ بالکل مفت ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں، نادرا کے ترجمان سید شباہت کے مطابق شہری اپنے موجودہ شناختی کارڈ کے کیو آر کوڈ کی تصویر اپ لوڈ کریں گے اور صرف 30 منٹ کے اندر ویریفیکیشن مکمل ہو جائے گی، جس کے بعد ڈیجیٹل شناختی کارڈ ایپ کے والٹ میں دستیاب ہو جائے گا۔
علاوہ ازیں اگر موبائل فون گم یا چوری ہو جائے تو شہری نیا فون لے کر ایپ میں لاگ ان کر کے اپنا ڈیجیٹل کارڈ دوبارہ بحال کر سکتے ہیں۔
نادرا کے مطابق اس نئے سسٹم کا مقصد سرکاری دفاتر میں کام کی رفتار کو بڑھانا اور شہریوں کو جدید تقاضوں کے مطابق سہولت فراہم کرنا ہے۔ تاہم ڈیجیٹل شناختی کارڈ کو دیگر اداروں کے ذریعے بطور متبادل قبول کرنے کا فیصلہ ان اداروں پر منحصر ہے۔
مزید براں نادرا نے پاک آئی ڈی ایپ پر فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (ایف آر سی) اور چائلڈ رجسٹریشن سرٹیفکیٹ (سی آر سی) کی ڈیجیٹل دستیابی بھی متعارف کرانے پر غور شروع کر دیا ہے۔