
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنما اور قومی اسمبلی اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان، بیرسٹر گوہر اور دیگر رہنما اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچے، جہاں انہوں نے اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کیا۔
ذرائع کے مطابق توہین عدالت کی اس درخواست پر سماعت کیلئے کون سا جج مقرر ہوگا، اس بارے میں تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ جسٹس انعام امین منہاس نے گزشتہ روز فائل واپس بھیج دی تھی، جس کے بعد یہ درخواست رجسٹرار آفس کی مختلف برانچز میں گھوم رہی ہے۔
عمران خان کی بریت کی درخواستیں جلد سماعت کیلئے مقرر
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے عدالت میں موجود رہ کر کیس کی فوری سماعت کی درخواست کی، تاکہ جیل میں قید اپنے قائد سے ملاقات کا قانونی حق حاصل کیا جا سکے۔ رہنماؤں کا مؤقف ہے کہ عدالت کے حکم کے باوجود ملاقات کی اجازت نہ دینا واضح طور پر توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔
معاملے پر عدالتی پیش رفت نہ ہونے کے باعث پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماؤں میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔



