'برمی' یتیم بچہ جو پاکستان آرمی کا فخر بنا
دوسری جنگ عظیم کا زمانہ تھا۔ 19 پنجاب رجمنٹ، برٹش انڈین آرمی کی ایک بہادر یونٹ، برما کے گھنے جنگلات میں جاپانی فوج سے برسرِ پیکار تھی
برمی یتیم بچہ جو پاکستان آرمی کا فخر بنا
لاہور: (سنو نیوز) بہادر یونٹ 19 پنجاب رجمنٹ برما کے گھنے اور خطرناک جنگلات میں جاپانی فوج کے ساتھ برسرِ پیکار تھی۔ گولیوں کی تڑتڑاہٹ، توپوں کی گرج اور تباہی کے اس ماحول میں زندگی کی رمق کہیں کھو سی گئی تھی۔ مگر انہی ویران لمحوں میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے اس جنگی داستان کو محبت، انسانیت اور قربت کی ایک نئی جہت عطا کی۔

دوسری جنگ عظیم کا زمانہ تھا۔ 19 پنجاب رجمنٹ، برٹش انڈین آرمی کی ایک بہادر یونٹ، برما کے گھنے جنگلات میں جاپانی فوج سے برسرِ پیکار تھی۔ موت، تباہی اور بربادی کے اس ماحول میں، ایک دن یونٹ کے برٹش کمانڈنگ آفیسر کو ایک درخت کے نیچے ایک شیر خوار بچہ ملا۔ وہ اکیلا، خاموش، ایک کپڑے میں لپٹا ہوا پڑا تھا۔

کمانڈنگ آفیسر نے اردگرد تلاش کی، مگر بچے کا کوئی والی وارث نہ ملا۔ یونٹ نے فیصلہ کیا کہ اب یہ بچہ انہی کا ہے۔ انہوں نے اسے اپنا نام دیا   برمی  ۔ برمی 19 پنجاب رجمںٹ کی گود میں پلا، انہی کے ساتھ ہنسا، انہی کے ساتھ بڑا ہوا۔ جنگ ختم ہوئی، اور یونٹ واپس ہندوستان آئی۔ برمی کو بھی ساتھ لایا گیا اور جب 1947 میں پاکستان بنا، 19 پنجاب رجمنٹ پاکستان آرمی کا حصہ بنی اور برمی بھی۔

وقت کے ساتھ برمی ایک ذہین، تنومند نوجوان بنا۔ وہ ایک انتہائی ماہر اتھلیٹ اور شاندار ہاکی پلیئر ثابت ہوا۔ جب وہ 16 سال کا ہوا، تو اُسے پنجاب رجمنٹ سینٹر بھیجا گیا تاکہ وہ باقاعدہ طور پر یونٹ کا سپاہی بن سکے۔ اسے یونٹ کے ہی ایک کلرک کی بیٹی سے محبت ہوئی، اور پھر شادی بھی۔ برمی نے پورا کیریئر 19 پنجاب رجمنٹ کے ساتھ گزارا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد بھی اُس کا دل یونٹ سے جُڑا رہا۔ وہ اکثر یونٹ آتا، افسران سے ملتا، پرانے دوستوں سے باتیں کرتا۔

ایک دن اُس نے کہا تھا "میرے لیے 19 پنجاب رجمنٹ صرف ایک یونٹ نہیں یہ میرا گھر ہے۔ مجھے یہیں پیار ملا، یہیں پرورش ملی۔" سال 2012 میں، برمی اس دنیا سے رخصت ہو گیا۔ وہ سیاہ کوٹ میں سپردِ خاک ہوا۔ وہ اپنے پیچھے چار بیٹیاں چھوڑ گیا اور ایک ایسی داستان جو آج بھی 19 پنجاب رجمنٹ کے سینے میں دھڑک رہی ہے۔

برمی کی کہانی ہمیں یاد دلاتی ہے کہ اصل رشتہ خون سے نہیں، دل سے ہوتا ہے۔ ایک یتیم بچہ، جو جنگ کے درمیان ملا، 19 پنجاب رجمنٹ کا فخر بن گیا۔