طلبہ و طالبات کو 10 ہزار مفت ای بائیکس دینے کا فیصلہ
Free E-Bikes for Students
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت نے طلبہ و طالبات کی سہولت اور تعلیمی سفر کو آسان بنانے کیلئے بڑا اقدام اٹھا لیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے پنجاب بھر کے مستحق طلبہ و طالبات کو 10 ہزار مفت ای بائیکس دینے فیصلہ کیا گیا ہے، جس کا مقصد تعلیم کے شعبے میں آسانیاں پیدا کرنا اور ٹرانسپورٹ کے مسائل کا حل نکالنا ہے۔

یہ فیصلہ پنجاب زکوٰۃ و عشر کونسل کی سب کمیٹی کے اجلاس میں کیا گیا۔اجلاس کی صدارت معاونِ خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب راشد اقبال نصر اللہ نے کی، جبکہ اجلاس میں سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی، ایم پی اے ملک افتخار احمد، پارلیمانی سیکرٹری برائے زکوٰۃ وعشر زبیر احمد، ایڈمنسٹریٹر زکوٰۃ و عشر پنجاب سمیت دیگر اعلیٰ افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ زکوٰۃ فنڈ کے مستحق طلبہ و طالبات کو فری ای بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ راشد اقبال نصر اللہ نے بتایا کہ منصوبے کا آغاز وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر کیا جا رہا ہے، پہلے مرحلے میں 2 ہزار ای بائیکس دی جائیں گی۔

دوسری جانب اس اقدام کو سراہتے ہوئے ماہرین تعلیم اور سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ نہ صرف تعلیم کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگا، بلکہ نوجوانوں کو خودمختاری اور اعتماد بھی فراہم کرے گا۔