عمران خان کی بہنوں سے ملاقات ؟ بڑی خبر آگئی
اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ایک بار پھر فیملی کی ملاقات نہیں کرائی جاسکی جبکہ 4 وکلاء کی ملاقات میں سابق وزیراعظم نے اہم ہدایات جاری کر دیں
بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خان راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے/ فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ایک بار پھر فیملی کی ملاقات نہیں کرائی جاسکی جبکہ 4 وکلاء کی ملاقات میں سابق وزیراعظم نے اہم ہدایات جاری کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی سے فیصل چودھری، عثمان گل، افضل بانٹھ اور فیصل ملک ایڈووکیٹ نے ملاقات کی جبکہ بانی کی بہنوں نورین خان، عظمٰی خان اور کزن قاسم خان کو ملاقات کی اجازت نہ ملی۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نورین نیازی نے کہا کہ جیل انتظامیہ نے دو گھنٹے داخلی دروازے پر انتظار کروایا ۔ ہم دو بہنیں علیمہ خان کے بغیر بھی اپنے بھائی سے ملاقات کیلئے رضامند ہوگئی تھیں۔

دوسری جانب جیل انتظامیہ نے فیصل چودھری، عثمان گل، فیصل ملک کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی جو آدھا گھنٹہ تک جیل کانفرنس روم میں کرائی گئی۔ علیمہ خان نے پولیس حصار میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ جائیں گے۔ ایڈووکیٹ فیصل چودھری کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی، مائنز اینڈ منرلز پر انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور سینئر لیڈر شپ آکر مجھے بریف کرے، بل متنازع ہوچکا، ضروری ہے لوگوں کو اعتماد میں لیا جائے، اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی کی ضرورت ملک اور عوام کو ہے، فوج ملک کو متحد نہیں کر سکتی لیکن سیاسی جماعتیں کر سکتی ہیں۔

پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ کسی سے بیک ڈور بات نہیں ہو رہی، انفرادی سطح پر کہیں کوئی بات ہے تو اس کا علم نہیں۔