مذہبی جماعت کے رہنما کی گاڑی پر فائرنگ، بیٹا جاں بحق
سندر میں مذہبی جماعت کے رہنما حاجی نواز کی گاڑی پر مخالفین کی فائرنگ کے نتیجے میں بیٹا جاں بحق جبکہ حاجی نواز، اہلیہ اور بھائی سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے
سندر میں مذہبی جماعت کے رہنما حاجی نواز کی گاڑی پر مخالفین کیجانب سے فائرنگ کی گئی/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) سندر میں مذہبی جماعت کے رہنما حاجی نواز کی گاڑی پر مخالفین کی فائرنگ کے نتیجے میں بیٹا جاں بحق جبکہ حاجی نواز، اہلیہ اور بھائی سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق بتایا گیا کہ سندر کے علاقے جلیانہ گاؤں میں حاجی نواز اپنی فیملی کے ہمراہ گاڑی میں سوار تھے کہ ان کی گاڑی کو مرتضیٰ عرف پپو نے کٹ مارا، جس پر تلخ کلامی ہوئی اور ملزموں نے ان پر حملہ کر دیا، مخالفین کی فائرنگ سے حاجی نواز، ان کی اہلیہ کلثوم، بیٹا ندیم نواز، بھائی ملک ناصر، سکیورٹی گارڈ شاہد عباس اور اویس محمود زخمی ہو گئے جنہیں فوری طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں حاجی نواز کا بیٹا ندیم نواز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

20 سالہ مقتول ندیم کو 4 گولیاں لگی تھیں، مزید ایک زخمی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر لاش پوسٹمارٹم کے لیے مردہ خانے منتقل کر کے واقعہ کا مقدمہ نمبر 1383/25 محمد نواز کی مدعیت میں درج کر لیا جس میں 12 کے قریب ملزموں کو نامزد کیا گیا ہے جن میں ملک مرتضیٰ عرف پپو، ملک مصطفی عرف کالو، علی مرتضیٰ، خضر، انصر، اسد اور دیگر شامل ہیں۔ بعد ازاں پولیس نے چار ملزموں مرتضیٰ، طاہر عباس، علی مرتضیٰ اور رستم حیات کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

واضح رہے کہ حاجی نواز پی پی 166 سے ایم پی اے کے امیدوار تھے۔ ڈی آئی جی فیصل کامران کا کہنا ہے کہ دو مخالف گروپوں مرتضیٰ عرف پپو گروپ اور نواز عرف گڈو جلیانیا گروپ کے درمیان جھگڑا ہوا تاہم کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ واقعہ کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور دیگر ملزموں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔