وزارت مذہبی امور کی جانب سے پرائیویٹ حجاج کیلئے ہدایت نامہ جاری
 وزارت مذہبی امور کی جانب سے رواں برس پرائیویٹ عازمین حج کے لیے نیا ہدایات نامہ جاری کردیا گیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وزارت مذہبی امور کی جانب سے رواں برس پرائیویٹ عازمین حج کے لیے نیا ہدایات نامہ جاری کردیا گیا۔

وزارت مذہبی امور کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق رواں برس پرائیویٹ حج سکیم کے تحت صرف 23 ہزار 620 عازمین مقدس فریضہ ادا کرسکیں گے،حج 2025 کے کوٹہ، سروس پرووائیڈرز کی فہرست وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ اور پاک حج ایپ پر اپ ڈیٹ کر دی گئی ہے۔

ترجمان نے کہا کہ عازمین کو اطلاع دی جاتی ہے کہ وہ ویب سائٹ پر رجسٹرڈ سروس پرووائیڈرز کے ساتھ بکنگ سمیت اپنی درخواست کی حیثیت اور معاہدہ چیک کریں جبکہ اپ ڈیٹس اور معلومات کیلئے پاک حج2025 موبائل ایپ استعمال کریں۔

اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ تمام سروس پرووائیڈرز کمپنیاں منظورشدہ كوٹہ كےمطابق عازمین حج کو اپ ڈیٹ شدہ حج فارم فراہم کریں، سعودی عرب کی ہدایت کے مطابق 18 اپریل تک عازمین حج کے ویزا اجراء کے عمل کو یقینی بنایا جائے ۔

وزارت حج کی جانب سے عازمین کی سہولت کیلئے لینڈ لائن نمبر 0519218571 اور 0519207519 جبکہ ای میل somonitoring@mora.gov.pk بھی جاری کی گئی ہے جس پر عازمین حج اپنی شکایات کا اندراج کرواسکتے ہیں۔