مقتدرہ سے مذاکرات کے معاملے پر عمران خان کا مؤقف بھی آگیا
اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے ٹاسک کے حوالے سے زیر گردش خبروں پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مؤقف بھی آگیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک) اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے ٹاسک کے حوالے سے زیر گردش خبروں پر بانی پی ٹی آئی عمران خان کا مؤقف بھی آگیا۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز عمران خان اور بشریٰ بی بی سے اڈیالہ جیل میں وکلاء نے ملاقات کی جس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔

جیل ذرائع نے بتایا ہے کہ بیرسٹر گوہر اور ایڈووکیٹ سلمان صفدر جیل میں عمران خان سے ملاقات کیلئے پہنچے تو سابق خاتون اول بشریٰ بی بی بھی وہاں موجود تھیں، وکلاء کی آمد پر بشری ٰ بی بی نے ان سے استفسار کیا کہ آپ لوگوں کیسے اجازت ملی کیا آپ لوگوں کا نام ملاقات کرنیوالوں کی فہرست میں موجود تھا؟

ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ جی ہمارا نام ملاقاتیوں کی فہرست میں موجود تھا جس پر بشریٰ بی بی نے کہا کہ ہمارے اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت نہیں ملتی آپ کو کیسے مل جاتی ہے؟ اس پر جیل افسر نے انہیں بتایا کہ وکلاء کے بعد اہلخانہ کی ملاقات ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان سے علیمہ خان کی ملاقات کے حوالے سے بڑی خبر

بعدازاں عمران خان نے وکلاء سے علیحدہ بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے بیرسٹر گوہر اور دیگر کو اہم ہدایات دیتے ہوئے کہ پارٹی کے اندرونی اختلافات پبلک کرنے سے روک دیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر فراہم کردہ لسٹ کے مطابق لوگوں کو ملاقات کی اجازت نہیں ملتی تو جسے بھی اجازت ملے وہ ملاقات کرے تاکہ رابطہ بحال رہ سکے۔

اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے معاملے پر بات کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا انہوں نے کسی کو بھی مقتدرہ سے مذاکرات کا ٹاسک نہیں دیا البتہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور اور اعظم خان سواتی بات چیت کے خواہاں ہیں۔