عمران خان کی 2 درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری
اسپیشل عدالت سنٹرل ایف آئی اے نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی 2 درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا
بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان/ فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک ) اسپیشل عدالت سنٹرل ایف آئی اے نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی 2 درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق سینئر اسپیشل جج سنڑل ایف آئی اے شاہ رخ ارجمند نے ایک صفحہ پر تحریری فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ عدالت 10 جنوری اور 28 جنوری کو بانی پی ٹی آئی کی بچوں سے بات کا حکم دے چکی ہے، سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کرے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کا 3 ڈاکٹرز، ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کروایا جائے، جیل میں تعینات ڈاکٹرز کی زیر نگرانی تینوں ڈاکٹرز بانی پی ٹی آئی کا میڈیکل چیک اپ کریں گے، اڈیالہ جیل سپرٹینڈنٹ تینوں ڈاکٹرز کو میڈیکل چیک اپ کی اجازت دے۔

 سپرٹینڈنٹ اڈیالہ جیل تعمیلی رپورٹ 28 اپریل عدالت میں جمع کرائیں۔ بانی پی ٹی آئی نے بچوں سے واٹس ایپ پر بات اور ذاتی معالج سے چیک اپ کیلئے درخواست دی تھی۔