پی ڈی ایم اے کا رواں ماہ درجہ حرارت میں اضافے اور بارشوں کا الرٹ
 پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) پنجاب نے رواں ماہ درجہ حرارت میں اضافے اوربارشوں کا الرٹ جاری کردیا ۔
لاہور:(سنو نیوز) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( پی ڈی ایم اے ) پنجاب نے رواں ماہ درجہ حرارت میں اضافے اوربارشوں کا الرٹ جاری کردیا ۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق 16 سے 20 اپریل تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں گرد آلود ہوائیں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے،راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم اور گوجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق لاہور، قصور ،سیالکوٹ،نارووال، اوکاڑہ ،فیصل آباد ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، جھنگ ، خوشاب ، سرگودھا اور میانوالی میں بھی آندھی اور بارشوں کا امکان ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ رواں ماہ کے اختتام پر پنجاب کے میدانی علاقوں میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گا،وزیر اعلی ٰپنجاب مریم نواز کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے،گرمی اور لو کی شدت میں اضافے سے عوام الناس کو بھی محتاط رہنا ہو گا۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ سکول ایجوکیشن ،محکمہ صحت محکمہ آبپاشی، محکمہ تعمیر و مواصلات ، لوکل گورنمنٹ اور محکمہ لائیو سٹاک کو الرٹ جاری کر دیاگیا ہے، انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ ،واسا ،پنجاب پولیس اور سول ڈیفنس کو بھی موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔