اے این پی کا مائنز اینڈ منرلز ایکٹ کیخلاف احتجاجی تحریک کا اعلان
اے این پی نے خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 مسترد کرتے ہوئے احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا
اے این پی کے صدر ایمل ولی خان / فائل فوٹو
پشاور: (ویب ڈیسک) اے این پی نے خیبر پختونخوا مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 مسترد کرتے ہوئے احتجاجی تحریک کا اعلان کر دیا۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں مجوزہ ‘مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025’سے متعلق عوامی نیشنل پارٹی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے اے این پی کے صدر ایمل ولی خان نے کہا مائنز اینڈ منرلز ایکٹ مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں، اس بل کیخلاف بھرپور احتجاجی تحریک چلائیں گے۔ ہماری لڑائی اب صرف مائنز اینڈ منرلز ایکٹ تک محدود نہیں رہے گی، مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025 ہماری جدوجہد کو مزید تیز کرے گی۔

ایمل ولی خان کا کہنا تھا کہ ہماری جدوجہد اٹھارہویں آئینی ترمیم پر من وعن عمل تک جاری رہے گی۔ مائنز اینڈ منرلز ایکٹ دن کی روشنی میں قوم کے حق پر ڈاکہ ہے، متنازعہ قانون اسمبلی سے فوری واپس لیا جائے، ہماری تاریخ ہے کہ نہ کبھی وسائل اور اس پر اختیار سے پیچھے ہٹے ہیں اور نہ ہونگے۔

انہوں نے کہا کہ بطور پختون اے این پی اپنے قوم کے حقوق اور آنے والی نسلوں کے ساتھ کھڑی ہے ، ہم عدم تشدد کے پیروکار ہیں، اپنے حق اور اختیارات کے لیے ہر صورت نکلیں گے جبکہ جلد اس ایکٹ بارے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کرینگے ۔ اپریل اور مئی میں صوبہ بھر میں اس ایکٹ بارے آگاہی مہم چلائی جائے گی۔