
محکمہ موسمیات کے مطابق 14 اپریل سے پاکستان کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، جبکہ درجہ حرارت معمول سے 6 سے 8 ڈگری سینٹی گریڈ تک زیادہ ہو سکتا ہے۔
لاہور میں حالیہ بارش کے بعد ہفتے کی صبح موسم خوشگوار رہا، ٹھنڈی ہواؤں اور خنکی نے شہریوں کو سکون کا احساس دیا، لیکن محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ خوشگوار لمحات زیادہ دیر برقرار نہیں رہیں گے۔ دوپہر کے اوقات میں درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ آئندہ دنوں میں لاہور اور گرد و نواح میں شدید گرمی کا امکان ہے۔
دوسری جانب کراچی کے شہریوں کیلئے محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت درجہ حرارت 38 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ ہیٹ ویو کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، خاص طور پر دوپہر کے اوقات میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
مزید برآں کے پی میں بھی شدید گرمی کی لہر کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ ترجمان کے مطابق صوبے کے بیشتر علاقوں میں پیر سے درجہ حرارت میں بتدریج اضافہ ہوگا، جبکہ بعض علاقوں میں گرم اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافہ متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی اس پیشگوئی کے بعد شہریوں کو چاہیے کہ پانی کا استعمال بڑھائیں، دھوپ سے بچنے کیلئے حفاظتی تدابیر اپنائیں اور گرمی کے اثرات سے محفوظ رہنے کیلئے سنجیدگی سے احتیاط کریں۔



