علی امین گنڈاپور اور تیمور جھگڑا میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے
وزیراعلی علی امین گنڈاپور اور تیمور جھگڑا میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے/ فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) وزیراعلی علی امین گنڈاپور اور تیمور جھگڑا میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی علی امین نے پوڈ کاسٹ کے دوران تیمور جھگڑا پر اسٹیبلشمنٹ کیساتھ رابطوں کا الزام لگا دیا جس پر تیمور سلیم جھگڑا نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مجھے موجودہ صوبائی کابینہ میں آنے کا کوئی شوق نہیں۔

تیمور جھگڑا نے صوبائی احتساب کمیٹی کے 24 سوالا ت کے جوابات بھیج دئیے۔ صوبائی حکومت کی تین رکنی احتساب کمیٹی نے 5 مارچ کو تیمورجھگڑا سے خزانہ، صحت اور دیگر امور کے جوابات طلب کئے تھے۔

انہوں نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف گزشتہ ایک سال سے دبے چھپے الفاظ میں ایک مہم جاری ہے، احتساب کمیٹی کے سوالات نگران دور میں بھی نیب اور انٹی کرپشن کے محکمے کے ذریعے پوچھے گئے تھے، احتساب کمیٹی کے بیشتر سوالات صوبائی وزیر کے لیول کے نہیں بلکہ محکمے کے لیول کے ہیں، بحثیت وزیر خزانہ ملک بھر میں پہلی مرتبہ خزانہ پر بوجھ کم کر کے پنشن اصلاحات نافذ کئے، کورونا کے دنوں میں بھی محکمے صحت نے اہم کردار ادا کیا تھا۔

 پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے واٹس گروپ میں اندر بھی تیمور جھگڑا اور علی امین نے ایک دوسرے کے خلاف سخت الفاظ کا استعمال کیا۔ تیمور جھگڑا نے موقف اپنایا کہ میرے خلاف نیب اور دیگر اداروں کا استعمال کسی کے اشارے پر کیا جا رہا ہے، مجھے معلوم ہے کہ کون مجھے کابینہ میں آنے سے روک رہا ہے اور مہم کون چلا رہا ہے۔