حماد اظہر نے ایک بار پھر پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) پنجاب کے قائم مقام صدر حماد اظہر نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا
پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) پنجاب کے قائم مقام صدر حماد اظہر / فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) پنجاب کے قائم مقام صدر حماد اظہر نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم سواتی کے الزامات کے بعد سیکرٹری جنرل اور قائم مقام صدر پی ٹی آئی پنجاب حماد اظہر پارٹی عہدوں سے مستعفی ہوگئے اور انہوں نے پارٹی کے تمام عہدے چھوڑنے کا اعلان کردیا۔

حماد اظہر کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ اعظم سواتی نے بانی پی ٹی آئی کو بتایا کہ عالیہ حمزہ کے کام میں رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے جس پر عمران خان نے سوال کیا کہ کون رکاوٹ ڈال رہا ہے تو اعظم سواتی نے میرا نام لیا، عالیہ حمزہ سے پوچھا کہ آپ کو میری طرف سے کبھی رکاوٹ ملی تو انہوں نے تعجب کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسئلے کا بڑا آسان حل موجود ہے، میرے اختیارات پہلے ہی 4 ریجنل صدور کو پچھلے سال جون میں منتقل کر دئیے گئے تھے اور اب میرے حلقے کی تنظیم بھی میرے مشورے یا مرضی سے نہیں لگ سکی، پہلے دو باراستعفیٰ دے چکا ہوں جس کو رد کیا گیا تھا لیکن آج تیسری دفعہ اور حتمی طور پر اپناعہدہ چھوڑ رہا ہوں جبکہ ایک کارکن کی حییثت سے آئندہ اپنے قائد کیلئے کام کروں گا، میرا یہ استعفی ناقابل واپسی ہے اور آئندہ کیلئے کسی عہدے کا خواہشمند نہیں ہوں۔