
پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ پیپلز پارٹی متنازع کینال منصوبے کیخلاف بدھ کے روز سندھ کے ہر تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں احتجاجی مشعل بردار ریلیاں نکالے گی، پانی کے مسئلہ کے حل کیلئے مسلسل احتجاج کرکے دباؤ ڈالنا ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی کا مسئلہ سندھ کے مستقبل اور زندگی کا سوال ہے، عوام کی زندگیاں بچانے کیلئے کینال منصوبے کے خلاف عوام کے ساتھ ہیں، 6 نہروں کا منصوبہ سندھ کے لیے نقصان دہ ہے اس لیے سندھ کے لوگ یہ منصوبہ کسی صورت قبول نہیں کریں گے، نہروں کےمنصوبے کے خلاف پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام اپنے حق کے لیے احتجاج کریں گے۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ ہم نہروں کے متنازع منصوبے کے خلاف احتجاج جاری رکھ کر اپنا جمہوری حق استعمال کرتے رہیں گے،جب تک 6 نہروں کے منصوبے سے دستبرداری کا اعلان نہیں ہوگا تب تک احتجاجی تحریک جاری رہے گی۔