صدر زرداری کی طبیعت ناساز، ہسپتال منتقل
صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز ہو گئی جس کے باعث انہیں کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
فائل فوٹو
کراچی: (سنو نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری کی طبیعت ناساز ہو گئی جس کے باعث انہیں کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ شب صدر مملکت آصف علی زرداری کو نواب شاہ سے کراچی منتقل کیا گیا جس کے بعد سے وہ کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

پیپلزپارٹی ذرائع کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری کو انفیکشن اور بخار کی شکایت پر ہسپتال داخل کیا گیا جہاں ان کے ذاتی معالج ڈاکٹر عاصم کی نگرانی میں ان کا علاج معالجہ جاری ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کے مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں، نجی ہسپتال کے باہر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ صدر مملکت سے ملاقاتوں پر بھی فی الحال پابندی عائد کردی گئی ہے۔

یاد رہے کہ قبل ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ملاقات کی تھی جس میں دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دی اور ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سندھ سے 6 نہریں نکالنے سے متعلق معاملےپر بھی صدر زرداری سے مشاورت کی جبکہ منصوبے کے خلاف پیپلز پارٹی کے احتجاج اور مظاہروں کی حکمت عملی سے بھی صدر مملکت کو آگاہ کیا۔