
عیدالفطر کے پہلے روز بھی بچوں نے خوب سیر سپاٹے کیے، آج بھی موج مستی کریں گے، کوئی چڑیا گھر جائے گا تو کوئی پارکوں میں جھولے جھول کر مزے اڑائے گا۔
عید ہے تو دوستوں کے ساتھ پارٹی تو بنتی ہے، نوجوان مل جل کر فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹس کا رخ کریں گے اور گپ شپ لڑا کر من ہلکا کریں گے، شام کو سینما گھروں کا ٹائم سیٹ بھی کر لیا ہے۔ خواتین کا بھی اپنی سہیلیوں کے ساتھ گھومنے کا پروگرام ہے، بڑے بزرگ بھی اپنی منڈلیاں لگائے بیٹھے ہیں اور اپنی دلچسپیوں میں مگن ہیں۔
دوسری جانب لاہور میں عید کے دوسرے روز شہریوں نے ناشتے کے لیے دکانوں کا رخ کر لیا، کوئی فیملی کو ساتھ لایا تو کوئی دوستوں کے ہمراہ آیا، مزیدار بونگ پائے، چنے کوفتہ اور حلوہ پوری سے لطف اندوز ہوتے شہری کہتے ہیں تہوار کا مزہ تو اب آیا ہے۔
عید الفطر کا دوسرا روز بھی لاہور میں روائیتی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے، خوشیوں سے بھرا عید کا تہوار دوسرے روز بھی مسکراہٹیں بکھیر رہا ہے۔
لاہور میں شہریوں نے دن کا آغاز تو ناشتہ پوائنٹس سے کیا جہاں مزیدار اور لذیذ پکوان پر خوب ہاتھ صاف کیے جارہے ہیں، جہاں کچھ مردوں نے بیگمات کے بغیر اوٹنگ اور ناشتے کا سوچا وہیں بچوں نے بھی دن بھر کے پلانز بنا رکھے ہیں۔
بچوں کے بھی الگ پلانز ہیں جنہوں نے لذیذ پکوان کھانے کے بعد والدین سے مزید فرمائشیں شروع کردی ہیں، ناشتہ پوائنٹس پر شہری بونگ پائے، مغز، انڈا چنا، کوفتہ، حلوہ پوری اور نہاری کے مزیدار ذائقہ میں گم ہیں۔