طاقتور حلقے ملک کی خاطر عمران خان کو باعزت رہا کریں: علی امین
وزیراعلیٰ خیبرپختونخو علی امین گنڈاپور نے کہا کہ طاقتور حلقے اپنی انا کو چھوڑ کر ملک کی خاطر عمران خان کو باعزت رہا کریں
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے/ فائل فوٹو
ڈی آئی خان: (سنو نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخو علی امین گنڈاپور نے کہا کہ طاقتور حلقے اپنی انا کو چھوڑ کر ملک کی خاطر عمران خان کو باعزت رہا کریں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈاپور نے عید الفطر کی نماز ادا کر دی۔ علی امین گنڈا پور نے عید کی نماز اپنے آبائی ضلع ڈی آئی خان میں ادا کی۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان، بشریٰ بی بی سمیت تمام بے گناہ کارکنوں کی باعزت رہائی کے لیے دعائیں کی گئیں۔

ملک کی سلامتی و خوشحالی، قومی یکجہتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے شہید اور زخمی و زیر علاج کارکنوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعائیں کیں۔

اس موقع پر علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کارکنان خاندان کا حصہ ہیں، عید ان کے ساتھ گزاریں، بانی پی ٹی آئی عمران خان پاکستانی عوام کی خاطر قید و بند کی صحبتیں برداشت کر رہے ہیں، عمران خان کو توڑنے کے لیے بشری بی بی کو بھی ناکردہ جرم میں قید کیا گیا، بانی پی ٹی آئی قانون، آئین اور روشن مستقبل کی جدو جہد جاری رکھیں گے، عمران خان سیاسی و معاشی استحکام کی ضمانت ہے، انہیں رہا کرنا ہوگا۔