
اسلام آباد میں چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں چاند کی رویت کے حوالے سے اعلان کیا گیا۔
اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے بتایا کہ ملک بھرمیں شوال کا چاند نظر آگیا ہے، پاکستان میں کل پیر کے روز عید الفطر انتہائی جوش جذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جائے گی۔
مولانا عبدالخبیرآزاد نے بتایا کہ ملک بھر سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، لاہور، شیخوپورہ، بہاولپور و دیگر شہروں سے شہادتیں موصول ہونے کی روشنی میں متفقہ طور پر ملک بھر میں عید ایک ساتھ منائی جائے گی۔
خیال رہے کہ پاکستان میں بوہری برادری آج عید الفطر منا رہی ہے جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان کی جانب سے بھی آج عید منانے کا اعلان کیا گیا تھا۔
دوسری جانب آج سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سمیت مختلف خلیجی ممالک میں عیدالفطر منائی جا رہی ہے جبکہ برطانیہ اور کینیڈا سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں عید پیر کے روز ہونے کی توقع ہے۔