مخصوص ملازمین کیلئے عید کی چھٹیاں منسوخ
Punjab Municipal Staff Holidays
فائل فوٹو
لاہور:(ویب ڈیسک) پنجاب حکومت کی جانب سے عید الفطر کے دوران میونسپل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

وزیربلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس میں عید کے دنوں میں صفائی کے انتظامات پر غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیاں اور کنٹریکٹرز صفائی کے تمام انتظامات کی نگرانی کریں گے، تاکہ شہری علاقوں میں صفائی کا کام بغیر کسی رکاوٹ کے جاری و ساری رہے۔

وزیربلدیات پنجاب نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید کے دوران صفائی کیلئے خصوصی پلان بنانے کا حکم دیا ہے۔

علاوہ ازیں ہیلپ لائن اور ایپ پر آنے والی شکایات پر فوری طور پر ایکشن لینے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں تاکہ عید کے دنوں میں عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سندھ حکومت نے بھی عید کی چھٹیاں منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا تھا، تاہم وہاں یہ فیصلہ صرف ٹرانسپورٹ افسران پر لاگو ہوا تھا، جنہیں ایام عید میں اپنی ذمہ داریاں نبھانی ہوں گی۔

انتظامیہ کے مطابق پنجاب حکومت کا یہ فیصلہ عید کے دوران صفائی کے انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے کیا گیا ہے، جس سے عوام کو صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔