ملک بھر میں آج شب قدر عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے
پاکستان بھر میں آج 27ویں رمضان المبارک کی مقدس رات، شب قدر انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔
فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز)پاکستان بھر میں آج 27ویں رمضان المبارک کی مقدس رات، شب قدر انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

شب قدر وہ عظیم رات ہے جس میں قرآن پاک نازل ہوا اور جس کی فضیلت میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا کہ یہ ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔

لیلۃ القدر کی مناسبت سے آج مساجد، گھروں میں خصوصی عبادات کا اہتمام کیا جا رہا ہے، جہاں لاکھوں مسلمان اللہ تعالیٰ کی رحمت، مغفرت اور بخشش کے طلبگار ہیں،اس موقع پر ملک بھر کی مساجد میں نوافل، تلاوتِ قرآن، ذکر و اذکار اور خصوصی دعا کا اہتمام کیا گیا ہے۔

علما ءکرام شب قدر کی اہمیت و فضیلت پر روشنی ڈال رہے ہیں اور لوگوں کو اس بابرکت رات میں زیادہ سے زیادہ عبادت کی تلقین کر رہے ہیں، مختلف شہروں میں شب قدر کے سلسلے میں محافل اور اجتماعات منعقد ہو رہے ہیں۔

آج مساجد میں تکمیل قرآن کی محافل کا بھی انعقاد کیا گیا ہے جبکہ نماز تراویح میں قرآن سنانے والے حفاظ کو انعام و اکرام سے نوازا جائے گا، مٹھائیاں بھی تقسیم کی جائیں گی۔

حکومت اور انتظامیہ کی جانب سے مساجد اور دیگر عبادت گاہوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ شہری پرسکون ماحول میں عبادات انجام دے سکیں، مساجد میں عبادت کی غرض سے قیام کرنے والوں کیلئے سحری کے بھی انتظامات کئے گئے ہیں ۔

مسلمان اس رات کو اپنی مغفرت، رزق میں برکت اور گناہوں کی معافی کے لیے گزارتے ہیں، اس موقع پر خاص طور پر امت مسلمہ کی بھلائی، ملکی ترقی اور امن و سلامتی کے لیے دعائیں کی جا رہی ہیں۔