پی ٹی آئی رہنماؤں کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملی
عدالتی احکامات کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملی۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (ویب ڈیسک)عدالتی احکامات کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملی۔

راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود بانی سے ہماری ملاقات نہ کرانے سے ہماری نہیں عدلیہ کی توہین ہوئی ہے، عدالتی حکمنامے میں لکھا ہے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے عدالت کو ملاقات کی یقین دہانی کرائی تھی۔

انہوں نے کہا 4 گھنٹے ہم نے اڈیالہ جیل کے باہر بانی سے ملاقات کا انتظار کرتے رہے، متعدد بار جیل انتظامیہ کو آگاہ کرنے کے باوجود ہمیں ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی، یہاں آئین و قانون اور عدالتی احکامات کو ہوا میں اڑایا جارہا ہے، ہم اس رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا ضمانتوں کی جلد سماعت کیلئے عدالت سے رجوع

عمر ایوب کا کہنا تھا کہ قتل کے مقدمات میں گرفتار لوگوں سے ملنے آنے والوں کو وزیٹر لاؤنج میں بٹھایا جاتا ہے جبکہ ہم گیٹ پر کھڑے رہتے ہیں ہمیں ملاقات کی اجازت نہیں ملتی، یہاں حالات یہ ہیں کہ مجھ پر بسکٹ چوری کا مقدمہ درج ہے۔

عمران خان کے ترجمان نیاز اللہ نیازی بولے کہ جیل انتظامیہ کی جانب سے عدالتی فیصلے کو تسلیم نہ کرنا عدلیہ کی ساکھ کا سوال ہے، ہم آج بانی سے ملاقات نہ کروائے جانے پر توہین عدالت کی درخواست دیں گے، عمران خان کا وجود اس ملک اور ریاست کے لئے ناگزیر ہے۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے صدر جنید اکبر نے کہا یہاں آئین قانون اور جج کے فیصلے کی کوئی وقعت نہیں ایسے رویے مزید نفرتیں بڑھائیں گے جو ملک کیلئے انتہائی نقصان دہ ہے۔