
تفصیلات کے مطابق صادق آباد کے لنڈا بازار میں اچانک آگ بھڑگ اٹھی دیکھتے ہی دیکھتے تیزی سے پھیل گئی، آگ کے باعث 400 سے زائد دکانیں جل کر خاکستر ہو گئیں، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی فائر فائٹرز کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
ریسکیو آفیسر کے مطابق آپریشن میں 70 سے زائد ریسکیوورز، 9 فائر ٹینڈرز اور 4 پرائیویٹ ٹینکرز امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں لنڈا بازار میں لگی آگ پر80 فیصد قابو پا لیا گیا ہے، نقصان کا تخمینہ اپریشن مکمل ہونے کے بعد لگایا جا سکتا ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ تیز ہوا کے باعث آگ دور دور تک پھیل گئی جس کے باعث آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہوا، لنڈا بازار میں لگی آگ پر قابو پانے کیلئے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے 2 سے 3 گھنٹے تک آگ پر مکمل قابو پا لیا جائیگا، آگ لگنے کے نتیجے میں لنڈا بازار کے اطراف کی آبادی کا ایک کلومیٹر کا علاقہ متاثر ہوا۔
متاثرہ دکانداروں نے بتایا کہ آگ لگنے سے لنڈا بازار کی 400 سے زائد دوکانیں مکمل تباہ ہوگئیں، ہر ایک دوکان میں عید پر فروخت کیلئے لایا گیا 20 سے 25 لاکھ کا سامان موجود تھا، آگ نے ہمیں سامان نکالنے کا موقع تک نہیں دیا جانیں مشکل سے بچائیں۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر صادق آباد نے کہا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات سامنے نہیں آسکیں، آگ لگنے کی وجہ جاننے کیلئے تحقیقات کی جائے گی۔



