حکومت کا نجی میڈیکل کالجز کی ٹیوشن فیس کیلئے حد مقرر کرنے کا اعلان
حکومت نے نجی میڈیکل کالجز کی ٹیوشن فیس کے لیے حد مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد: (سنو نیوز) حکومت نے نجی میڈیکل کالجز کی ٹیوشن فیس کے لیے حد مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر تشکیل دی گئی کمیٹی برائے میڈیکل ایجوکیشن ریفارمز نے نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کی سالانہ ٹیوشن فیس ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کے لیے 18 لاکھ روپے مقرر کردی۔

میڈیکل ایجوکیشن ریفارمز کمیٹی کے مطابق نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجوں کے لیے سالانہ ٹیوشن فیس 18 لاکھ روپے مقرر کی جائے گی، سالانہ فیس میں اضافہ صارف قیمت اشاریہ (CPI) کی بنیاد پر کیا جائے گا، ایم بی بی ایس کے لیے یہ فیس پانچ سال اور بی ڈی ایس کے لیے چار سال تک لاگو ہوگی۔

کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ اس فیس ڈھانچے کا عوامی سطح پر اعلان اور اس کا مکمل نفاذ یقینی بنایا جائے گا تاکہ شفافیت کو برقرار رکھا جا سکے، ایسے ادارے جو اپنی مالی ضروریات کے پیش نظر زیادہ سے زیادہ 25 لاکھ روپے تک کی فیس مقرر کرنا چاہتے ہیں، انہیں پی ایم ڈی سی کو تفصیلی مالیاتی جواز پیش کرنا ہوگا۔

کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اس جواز میں اضافی تعلیمی سہولیات، مہیا کردہ خدمات اور دیگر اداروں کے ساتھ فیس کا موازنہ شامل ہونا چاہیے، غیر ضروری اور غیر معقول فیس میں اضافہ ہرگز قابل قبول نہیں ہوگا، صرف مناسب اور معقول دلائل کے ساتھ پیش کیے گئے اضافے ہی قابل غور سمجھے جائیں گے تاکہ تعلیمی اخراجات میں غیر ضروری بوجھ نہ ڈالا جائے۔