پاکستان میں عید الفطر کب ہوگی؟ سپارکو نے بتا دیا
پاکستان سپیس اینڈ اپرایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے دیٹا کی بنیاد پر عید الفطر کی تاریخ کی پیشگوئی کر دی
سپارکو نے دیٹا کی بنیاد پر عید الفطر کی تاریخ کی پیشگوئی کی/ فائل فوٹو
لاہور: (سنو نیوز) پاکستان سپیس اینڈ اپرایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے دیٹا کی بنیاد پر عید الفطر کی تاریخ کی پیشگوئی کر دی۔

پاکستان سپیس اینڈ اپرایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے ڈیٹا کی بنیاد پر شوال 1446 ہجری کے ہلال کی رویت کے حوالے سے پیش گوئی کی ہے۔ فلکیاتی ماڈلز کے مطابق، شوال کا نیا چاند29 مارچ 2025کو پاکستان معیاری وقت کے مطابق 15:58 بجے تشکیل پائے گا۔

ترجمان پاکستان سپیس اینڈ اپرایٹموسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) کے مطابق ملک بھرمیں عید الفطر 31 مارچ کو منائی جائے گی، سعودی عرب میں بھی عید الفطر 31 مارچ 2025 کو منائی جائے گی۔ ہلال کی رویت کا انحصار اہم عوامل جیسے چاند کی عمر، سورج سے زاویائی فاصلہ، غروبِ آفتاب کے وقت بلندی، اور ماحولیاتی حالات پر ہوگا۔

30 مارچ کوغروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 27 گھنٹے، چاند اور سورج کا زاویائی فاصلہ تقریباً 16 ڈگری، چاند کی بلندی:تقریباً 14 ڈگری ہوگی۔ چاند کی روشنی 2 فیصد ہوگی جس سے ہلال کے نظر آنے کا امکان ہے، چاند  انسانی آنکھ سے آسانی سے نظر آئے گا، 30 مارچ 2025 کو پاکستان میں چاند کے نظر آنے کا امکان نہایت روشن ہے۔

ترجمان کے مطابق رمضان کے 29 دن مکمل ہونے کی توقع ہے اور عید الفطر کا پہلا دن 31 مارچ کو منایا جائے گا، سعودی عرب میں 29 مارچ 2025 کو چاند کے نظر آنے کے امکانات تقریباً نہ ہونے کے برابر ہیں کیونکہ مکہ میں غروبِ آفتاب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 5 گھنٹے ہوگی، اس تناظر میں، سعودی عرب اور مشرقِ وسطیٰ میں ہلال 30 مارچ 2025 کو نظر آئے گا، عید الفطر کے موقع پر چاند کی رویت کا فیصلہ رؤیتِ ہلال کمیٹی کی ذمہ داری ہے۔

 

اگرچہ سائنسی ڈیٹا 30 مارچ 2025 کو ہلال کے نظر آنے کی مضبوط تائید کرتا ہے، مرکزی رؤیت کمیٹی کا حتمی فیصلہ چشم دید گواہیوں اور مشاہدے کے وقت مقامی موسمی حالات پر منحصر ہوگا۔ مرکزی رؤیتِ ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی گواہیوں کا جائزہ لے کر شوال 1446 ہجری کا باقاعدہ اعلان کرے گی۔