ججز تعیناتی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اجلاس 8 اپریل کو طلب
چیف جسٹس یحیی آفریدی نے سپریم کورٹ میں مزید دو ججوں کی تعیناتی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس 8 اپریل کو طلب کرلیا
چیف جسٹس پاکستان یحیی آفریدی /فائل فوٹو
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) چیف جسٹس یحیی آفریدی نے سپریم کورٹ میں مزید دو ججوں کی تعیناتی کیلئے جوڈیشل کمیشن کا اہم اجلاس 8 اپریل کو طلب کرلیا۔

 اجلاس میں لاہور ہائیکورٹ کے 5 سینئر ججوں کے ناموں کو زیر غور لایا جائے گا۔ جوڈیشل کمیشن کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان کی جانب سے درخواست بھی دائر کر دی گئی ہے، جس میں انہوں نے استدعا کی ہے کہ کمیشن میرے بارے میں جولائی 2024 کے اجلاس میں دئیے گئے ریمارکس میٹنگ منٹس سے حذف کرے۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان کی درخواست بھی جوڈیشل کمیشن اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کرلی گئی۔

اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ، بلوچستان ہائیکورٹ، پشاور ہائیکورٹ اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں نئے ججز کی تعیناتی کیلئے متعلقہ ہائی کورٹس کے سابق چیف جسٹس یا سابق جج کو جوڈیشل کمیشن کے ممبر کے طور پر نامزد کیا جائے گا۔

خیال رہے 10 فروری کو جوڈیشل کمیشن نے سپریم کورٹ میں 6 مستقل ججز اور ایک قائم مقام جج کو تعینات کرنے کی منظوری دی تھی۔13 فروری کو سپریم کورٹ میں 6 مستقل ججز اور ایک قائم مقام جج نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس یحیی آفریدی نے ججز سے حلف لیا تھا۔

حلف اٹھانے والے 6 مستقل ججز میں جسٹس عامر فاروق، جسٹس اشتیاق ابراہیم، جسٹس شکیل احمد، جسٹس شفیع صدیقی، جسٹس صلاح الدین پنہور اور جسٹس ہاشم کاکڑ شامل تھے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بھی بطور قائم مقام جج سپریم کورٹ اپنے عہدے کا حلف اٹھایا، چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحیی آفریدی نے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سے قائم مقام جج کے عہدے کا حلف لیا تھا۔