اڈیالہ جیل کے دو ہیڈ وارڈرز نوکری سے برخاست
 اڈیالہ جیل کے دو ہیڈ وارڈرز کو کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) اڈیالہ جیل کے دو ہیڈ وارڈرز کو کرپشن اور اختیارات سے تجاوز کرنے پر نوکری سے برطرف کر دیا گیا۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) جیل خانہ جات راولپنڈی ریجن عبدالرؤف رانا نے جیل ہیڈ وارڈرز محمد ارشد اور محمد صفدر کی برخاستگی کا حکم جاری کیا۔

حکم نامے کے مطابق دونوں اہلکار کرپشن میں ملوث پائے گئے اور اپنے دفاع میں کوئی ثبوت پیش نہیں کر سکے، قیدیوں نے دونوں ہیڈ وارڈرز کے خلاف شکایات درج کرائی تھیں جس کے بعد جنوری 2025 میں انکوائری شروع کی گئی تھی۔

حکمنامہ میں بتایا گیا کہ جیل ہیڈ وارڈرز محمد ارشد اور محمد صفدر کو قیدیوں کے کچن اور سرچ ڈیوٹی پر تعینات کیا گیا تھا مگر دورانِ ڈیوٹی وہ غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث پائے گئے۔

محکمہ ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ کی رپورٹ میں دونوں ہیڈ وارڈرز کو قیدیوں سے رشوت لینے میں ملوث قرار دیا گیا۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ محمد ارشد اور محمد صفدر نے جیل کے قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا جس کے باعث انہیں فوری طور پر ملازمت سے برخاست کر دیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ جیل کے نظم و ضبط اور شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے کرپٹ عناصر کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔