خدیجہ شاہ کی حفاظتی ضمانت منظور،15 اپریل تک گرفتار نہ کرنے کا حکم
پشاور ہائیکورٹ نے رہنما تحریک انصاف کی حفاظتی ضمانت میں 15 اپریل تک توسیع کے احکامات جاری کردیے۔
فائل فوٹو
پشاور: (سنو نیوز) پشاور ہائیکورٹ نے رہنما تحریک انصاف کی حفاظتی ضمانت میں 15 اپریل تک توسیع کے احکامات جاری کردیے۔

پشاور ہائی کورٹ کے جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ خان اور جسٹس اورنگزیب پر مشتمل دو رکنی بنچ نے خدیجہ شاہ کی مقدمات کی تفصیل فراہم کرنے کیلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔

اسسٹنٹ اٹارنی جنرل دولت خان اور نیب پراسیکیوٹر سرتاج خان بھی عدالت پیش ہوئےجبکہ خدیجہ شاہ کی وکلاء ٹیم بھی عدالت میں موجود تھی۔

سماعت شروع ہوئی تو اسسٹنٹ اٹارنی جنرل دولت خان نے عدالت کو بتایا کہ وزارت داخلہ کی رپورٹ تاحال نہیں آئی، ہمیں کچھ وقت دیں رپورٹ جمع کرادیں گے، ایف آئی اے لاہور زون میں خدیجہ شاہ کے خلاف ایک انکوائری زیر التوا ہے۔

نیب پراسیکیوٹر سرتاج خان نے بھی عدالت کو بتایا کہ خدیجہ شاہ کے حوالے سے قومی احتساب بیورو کی رپورٹ ابھی تک نہیں آئی، رپورٹ آجائے تو جمع کرائیں گے۔

بعدازاں عدالت عالیہ نے رہنما تحریک انصاف خدیجہ شاہ کی حفاظتی ضمانت میں 15 اپریل تک توسیع کرتے ہوئے کسی بھی مقدمہ میں گرفتار نہ کرنے کے احکامات جاری کردیے جبکہ وزارت داخلہ اور نیب سے خدیجہ شاہ کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات طلب کرلیں۔