جعفر ایکسپریس حملہ: 27 دہشتگرد ہلاک، 155 مسافر بازیاب
کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملے بعد سکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن میں اب تک 155 مسافروں کو دہشت گردوں سے بازیاب کروا لیا گیا
سکیورٹی فورسز جائے وقوع پر سرچ آپریشن کرتے ہوئے/ فائل فوٹو
کوئٹہ: (سنو نیوز) کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس پر حملے بعد سکیورٹی فورسز کے کلیئرنس آپریشن میں اب تک 155 مسافروں کو دہشت گردوں سے بازیاب کروا لیا گیا جبکہ 27 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ خود کش بمباروں نے عورتوں اور بچوں کو ڈھال بنایا ہوا ہے، خود کش بمباروں نے تین مختلف جگہوں پر عورتوں اور بچوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، عورتوں اور بچوں کی خود کُش بمباروں کے ساتھ موجودگی کی وجہ سے آپریشن میں انتہائی اختیاط برتی جا رہی ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ 37 زخمیوں کو طبی امداد کے لئے روانہ کر دیا گیا ہے، اب تک 155 مسافروں کو دہشت گردوں سے بازیاب کروا لیا گیا ہے، اب تک 27 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے، باقی ماندا دہشت گردوں کے خاتمے کے لئے سیکیورٹی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔

دہشت گردوں سے رہائی پانے والے ایک مسافر نے اظہار تشکُّر کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ ہوئی، اللّٰہ کا شکر ہے کہ فوجیوں اور ایف سی نے ہمت کی اور ہمیں با حفاظت یہاں لے آئے، یرغمالی کے مطابق یہ فوجیوں اور ایف سی والوں کی ہی ہمت تھی کہ ہمیں بازیاب کرا کر یہاں تک باحفاظت پہنچا دیا۔