عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی وکلاء میں شدید تلخ کلامی
 بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں نے اڈیالہ جیل کے داخلی دروازے پر پی ٹی آئی وکلاء کو ڈانٹ دیا۔
فائل فوٹو
راولپنڈی: (سنو نیوز) بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں نے اڈیالہ جیل کے داخلی دروازے پر پی ٹی آئی وکلاء کو ڈانٹ دیا۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنیں علیمہ خان، عظمیٰ خان و دیگر بھائی عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل پہنچیں، اس موقع پر اڈیالہ جیل کے گیٹ پر عمران خان کی بہنوں اور پی ٹی آئی وکلاء کے درمیان گرما گرمی ہو گئی،عمران خان کی بہنوں نے وکلاء رہنماوں کو چارج شیٹ کر دیا۔

بانی تحریک انصاف کی بہنوں نے پی ٹی آئی وکلاء سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان سے صرف وہی ملاقات کرے گا جس کو کوئی ذمہ داری سونپی گئی ہو، بغیر ذمہ داری کے کوئی وکیل جیل کے اندر نہیں جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی وکیل اپنی طرف سے عدالت میں اضافی پٹیشن دائر نہیں کرے گا، پٹیشن دائر کرنے کا اختیار صرف سلمان اکرم راجہ اور سلمان صفدر کے پاس ہے۔

دوسری جانب بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) و سابق وزیراعظم عمران خان نے 9 مئی کے 8 مقدمات میں درخواست ضمانتوں کی جلد سماعت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے لاہور ہائیکورٹ میں متفرق درخواستیں دائر کر دیں، عمران خان نے جناح ہاؤس حملہ کیس اور دیگر مقدمات میں متفرق درخواستیں دائر کی ہیں۔

درخواست میں عمران خان نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ سیاسی انتقام کیلئے سازش کا الزام لگا کر مقدمات میں نامزد کیا گیا ہے، 8 مقدمات میں ضمانت کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس پر 16 جنوری کو سماعت ہوئی تھی، پولیس کو نوٹس جاری ہونے کے بعد ضمانت کی درخواستیں سماعت کیلئے مقرر نہیں ہوئیں۔

بانی پی ٹی آئی کی جانب سے استدعا کی گئی کہ ضمانت کی درخواستوں کو فوری طور پر سماعت کیلئے مقرر کیا جائے، متفقہ قانون ہے کہ نہ صرف انصاف ہونا چاہیے بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیے، عدالت 9 مئی کے آٹھ مقدمات میں درخواست ضمانتوں کو جلد سماعت کیلئے مقرر کرے۔