عید سے پہلے تنخواہیں دینے کا اعلان

سندھ حکومت نے عید الفطر سے قبل تنخواہوں، پنشن اور الاؤنسز کی پیشگی ادائیگی کا اعلان کیا ہے/ فائل فوٹو
March, 11 2025
کراچی: (ویب ڈیسک) سندھ حکومت نے عید الفطر سے قبل تنخواہوں، پنشن اور الاؤنسز کی پیشگی ادائیگی کا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے حکم نامہ جاری کر دیا گیا جس کے مطابق سرکاری ملازمین کو تنخواہیں عید سے پہلے ملیں گی۔ سندھ حکومت نے عید الفطر سے قبل تنخواہوں، پنشن اور الاؤنسز کی پیشگی ادائیگی کا اعلان کیا، جس سے ملازمین کو عید سے قبل مالی ریلیف ملے گا۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق مارچ کی تنخواہیں یکم اپریل کی معمول کی تاریخ کے بجائے 21 مارچ کو ادا کی جائیں گی، اسی طرح پنشن اور الاؤنسز بھی 21 مارچ کو ادا کیے جائیں گے۔ سندھ کے سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی نے تمام صوبائی محکموں اور اداروں کو فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت جاری کر دی۔
اس اقدام کا مقصد سرکاری ملازمین اور پنشنرز کو سہولت فراہم کرنا ہے، جس سے وہ مالی رکاوٹوں کے بغیر عید الفطر کے لیے ضروری تیاری کر سکیں۔