سابق سینیٹر مشتاق احمد کے بھائی شکیل احمد کی نماز جنازہ ادا
سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے بھائی شکیل احمد خان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔
فائل فوٹو
صوابی: (سنو نیوز) سابق سینیٹر مشتاق احمد خان کے بھائی شکیل احمد خان کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی۔

مشتاق احمد کے بھائی شکیل احمد خان کی نماز جنازہ ان کے آبائی علاقے احد خان میں ادا کی گئی، مرحوم شکیل احمد خان کی نماز جنازہ ان کے بھائی مشتاق احمد خان نے پڑھائی۔

نماز جنازہ میں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان، نائب امیر میاں اسلم، سابق امیر جماعت اسلامی سراج الحق، رہنما تحریک انصاف و سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، عبدلاکبر چترالی اور حمایت معیار سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کے بعد سابق سینیٹر مشتاق احمد خان نے مطالبہ کیا کہ میرے بھائی کے قاتل کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔

خیال رہے کہ شکیل احمد خان کو گزشتہ روز ان کے ہمسائے نے فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا، ملزم نے گھریلو تنازع پر پہلے والد کا قتل کیا، مقتول شکیل خان بیچ بچاؤ کیلئے گئے تھے، اسی دوران ملزم نے فائرنگ کر کے انہیں بھی قتل کردیا اور جائے وقوعہ سے فرار ہو گیا۔

دوسری جانب سابق سینیٹر مشتاق احمد کے بھائی کے قتل کا مقدمہ صوابی کے تھانہ کالو خان میں ان کے بھائی ریاض احمد کے مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق شکیل احمد کو گھر کے سامنے گولیاں مار کر قتل کیا گیا، ملزم کامران نے پہلے اپنے والد کو قتل کیا، بیچ بچاؤ کرانے پر شکیل احمد خان کو بھی فائرنگ کا نشانہ ڈالا۔

مشتاق احمد خان کے بھائی کے قتل پر مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے بھی افسوس اور دکھ کا اظہار کیا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے مشتاق احمد کو بھائی کے قاتل کو جلد گرفتار کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

علاوہ ازیں امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے مشتاق احمد سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کے بھائی کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔