مصطفی نواز کے والد کی وفات کے بعد اسلحہ لائسنس کی درخواست منظور
Mustafa Nawaz Khokhar
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) معروف سیاسی شخصیت مصطفی نواز کھوکھر کے والد نواز کھوکھر مرحوم کے اسلحہ لائسنس کی درخواست انتقال کے بعد منظور کرلی گئی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے 7 سال بعد اس مقدمے کا فیصلہ سنایا گیا، جس میں عدالت نے ڈپلیکیٹ اسلحہ لائسنس جاری کرنے کی درخواست منظور کرلی۔

2018 میں دائر کیے گئے اس مقدمے کی سماعت کے دوران عدالت نے ریمارکس دیے کہ درخواست گزار نواز کھوکھر کا انتقال ہوچکا ہے، ان کے ورثا نے مقدمے کی پیروی کی۔

جسٹس اعظم خان نے تحریری فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ درخواست گزار کے والد نواز کھوکھر نے 8 مارچ 1987 کو بطور رکن قومی اسمبلی اسلحہ لائسنس حاصل کیا تھا، جو پاکستان آرمز رولز 41 کے مطابق کمپیوٹرائزڈ نہیں ہونے کے باعث عموماً منسوخ تصور کیے جاتے ہیں۔

عدالت نے کہا کہ رکن قومی اسمبلی ہونے کے ناطے نواز کھوکھر کا لائسنس منسوخ نہیں ہوگا۔ عدالت نے درخواست گزار کو ان کے والد کے لائسنس کی ڈپلیکیٹ کاپی فراہم کرنے کا حکم دیا، جو 2015 میں گم ہوگئی تھی۔