اس سال صدقہ فطر اور فدیہ کی کم از کم مقدار کیا ہوگی؟
Fitrana 2025 and Fidyah minimum amount
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) معروف مذہبی سکالر اور سابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے رواں برس کیلئے صدقہ فطر اور فدیے کی کم از کم مقدار کا اعلان کر دیا ہے۔

انہوں نے اس حوالے سے کہا ہے کہ 2025 کے رمضان میں صدقہ فطر اور فدیہ کی کم از کم مقدار 240 روپے فی کس ہوگی۔

مفتی منیب الرحمان نے اپنے بیان میں کہا کہ اہلِ ثروت کو اپنی مالی حیثیت کے مطابق فطرہ، فدیہ اور کفارہ ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گندم کے آٹے کا فدیہ 240 روپے ہے، جَو کے حساب سے فدیہ 700 روپے، اور عمدہ کھجور کے لحاظ سے فدیہ 4000 روپے ہے۔ اسی طرح عمدہ کشمش کے حساب سے فدیہ 6400 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

دوسری جانب مفتی منیب الرحمان نے روزہ توڑنے کے کفارے کے حوالے سے بھی رہنمائی فراہم کی ہے،انہوں نے کہا کہ روزہ توڑنے کا کفارہ 60 مساکین کو دو وقت کا کھانا کھلانا ہے۔

واضح رہے کہ صدقہ فطر اور فدیہ کا مقصد غریبوں کی مدد کرنا اور رمضان کے مہینے میں روزہ داروں کی روحانیت میں پاکیزگی لانا ہے۔

علمائے اکرام  نے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی استطاعت کے مطابق ان واجبات کو ادا کریں، تاکہ رمضان کے دوران غریبوں کی مدد کی جا سکے اور ان کیلئے خوشیوں کا سامان ہو سکے۔