
صدر مملکت آصف علی زرداری سے پیپلزپارٹی پنجاب کی قیادت نے ملاقات کی جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال ہوا، ملاقات کے دوران صدر مملکت آصف علی زرداری نے پنجاب کی قیادت کو بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کرنے کا حکم دے دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات تاخیر کا شکار نہیں ہونے چاہئیں ، پنجاب کی قیادت بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریاں تیز کردے، ہمیں پنجاب کے بلدیاتی انتخابات میں میدان مارنا ہوگا۔
صدر مملکت نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور میں خود پنجاب میں موجود رہوں گا، بلدیاتی انتخابات سے عوام کے مسائل حل ہوں گے، ہم عوام کے نمائندے ہیں اور ہم عوام کے حقوق کی جنگ لڑیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، سندھ اور بلوچستان کے مسائل حل طلب ہیں، اس معاملے کو کو سنجیدگی سے لینا ہوگا اور میں ہر فورم پر اس معاملے پر آواز اٹھا چکا ہوں۔
اس موقع پر صدر مملکت نے پارٹی رہنماؤں سے پنجاب سے بجلی اور گیس سے محروم علاقوں بارے دریافت کیا جس پر پنجاب کی قیادت نے صدر مملکت کو پنجاب میں بجلی گیس سے محروم علاقوں سے آگاہ کیا، صدر مملکت نے پارٹی قیادت کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔