
راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے بتایا کہ آج عمران خان سے ملاقات ہوئی، عمران خان بھارت سے ٹیم کے ہارنے پر سخت غصہ تھے، انہیں قومی ٹیم کے چیمپئن ٹرافی ایونٹ سے باہر ہونے شدید دکھ ہے۔
علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ جب عہدے سفارشی بنیادوں پر دیئے جائیں گے تو اداروں کا یہی حال ہو گا، محسن نقوی کو جس عہدے پر بھی لگایا گیا اس ادارے کا بیڑا غرق ہو گیا، محسن نقوی کا پی سی بی چیئرمین کا عہدہ ملا آج کرکٹ کا حال دیکھ لیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کا کہنا تھا کہ کرکٹ ٹیم کی ایسی ناقص پرفارمنس پر چیئرمین پی سی بی کو عہدے سے مستعفی ہو جانا چاہیے، محسن نقوی سے پوچھا جانا چاہیے ان کے پاس کرکٹ کے حوالے سے کیا تجربہ ہے۔
علیمہ خان نے عمران خان کی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان مکمل فٹ ہیں، ان کی صحت سے متعلق بے بنیاد افواہیں پھیلائی جارہی ہیں، عمران خان کو جب بتایا گیا کہ آپ کے بارے کہا جارہا تھا کہ بانی کی طبیعت ٹھیک نہیں وہ جیل میں گر گئے تھے تو اس پر عمران خان ہنس پڑے۔
بانی پی ٹی آئی کی ہمیشرہ کا مزید کہنا تھا کہ بانی نے ہدایت کی ہے میرے متعلق صرف پارٹی عہدیدار بات کیا کریں۔