9 مئی مقدمات: عمر ایوب و دیگر پی ٹی آئی رہنماؤں پر فرد جرم عائد
Umer Ayub PTI
فائل فوٹو
سرگودھا: (ویب ڈیسک) انسداددہشتگردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے مقدمہ میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب اور تحریک انصاف کے دیگر رہنماؤں پر فرد جرم عائد کردی۔

سرگودھا کی انسداد دہشتگردی عدالت میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کیخلاف 9 مئی کے مقدمات کی سماعت ہوئی، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر سمیت دیگر عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران اے ٹی سی سرگودھا نے 9 مئی کو جلاؤ گھیراؤ کے مقدمہ میں رہنما تحریک انصاف عمر ایوب، ملک احمد بھچر اور بلال اعجاز سمیت مقدمہ میں نامز دیگر ملزمان پر فرد جرم عائد کردی، ملزمان نے صحت جرم سے انکار کرتے ہوئے فرد جرم میں عائد الزامات کو تسلیم نہ کیا۔

نامز د ملزمان نے عدالت کے روبرو مؤقف اپنایا کہ ہمارے خلاف ہمارے خلاف جھوٹے اور من گھڑت مقدمات درج کیے گئے ہیں، ہمیں سیاسی بنیادوں پر انتقامی کارروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

بعدازاں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے آئندہ پیشی پر مقدمہ کے گواہان کو طلب کرنے کا حکم جاری کردیا اور کیس کی مزید سماعت 28 فروری تک ملتوی کردی۔

واضح رہے کہ مقدمہ کے متن کے مطابق ملزمان پر جوڈیشل کمپلیکس میانوالی پر حملہ کرنے ، آگ لگانے ، توڑ پھوڑ کرنے ، قومی املاک کو نقصان پہنچانے، عدالتی و پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے اور قیمتی سامان چوری کرنے کا الزام ہے۔