چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا بڑا اعلان
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیرآزاد نے نوید سناتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ایک ہی روز فرزندان اسلام روزہ رکھیں گے
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیرآزاد چاند دیکھتے ہوئے/ فائل فوٹو
لاہور: (ویب ڈیسک) مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبد الخبیرآزاد نے نوید سناتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں ایک ہی روز فرزندان اسلام روزہ رکھیں گے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخیبر آزاد نے ایک بیان میں کہا کہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کے لیے پشاور میں اجلاس ہوگا، ملک بھرمیں ایک ہی روز رمضان المبارک کے آغاز کی تیاریاں کی جا رہی ہیں، ایک ہی روز روزہ اور عید کے لیے کامیاب کوشش پر خوشی ہوتی ہے۔

مولانا عبدالخیبر آزاد نے کہا کہ کوشش ہے کہ ملک بھرمیں ایک ہی دن روزہ رکھا جائے، کامیاب کوششوں سے ایک ہی دن روزہ اور عید کی روایت برقرار رکھیں گے۔

دوسری جانب سپارکو کی جانب سے جاری ایک بیان مں کہا گیا کہ پاکستان میں رمضان المبارک 2 مارچ 2025 سے شروع ہونے کا امکان ہے، ماہ رمضان کے چاند کی پیدائش 28 فروری 2025 کو پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق 5 بج کر 45 منٹ پر ہو گی، 28 فروری کو غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 12 گھنٹے اور بلندی 5 ڈگری ہوگی۔

سپارکو کے مطابق 28 فروری کو چاند کی کم بلندی اور فاصلے کی وجہ سے پاکستان میں ہلال کا نظر آنا مشکل ہے کیونکہ اس روز چاند اور سورج کا زاویائی فاصلہ 7 ڈگری ہو گا اس لیے چاند انسانی آنکھ سے نظر نہیں آئے گا، یہ بتایا گیا ہے کہ 28 فروری کو سعودی عرب میں چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے، سعودی عرب میں ممکنہ طور پر یکم مارچ کو پہلا روزہ ہو گا جبکہ پاکستان میں رمضان المبارک کا آغاز 2 فروری سے ہو گا۔

سپارکو کی جانب جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ماہ مقدس کے چاند کا حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔