
صوبائی صدر پاکستان تحریک انصاف جنید اکبر خان نے احتجاج کے حوالے سے ضلعی عہدیداروں کو ہدایات جاری کردی ہیں، خیبرپختونخوا کے تمام اضلاع میں 25 جنوری کو احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے کیسز عدالتوں میں نہ لگنے کیخلاف احتجاج کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی دارالحکومت پشاور کے اسمبلی چوک میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، خیبرپختونخوا بھر میں احتجاج کے حوالے سے حکمت عملی تیار کیا جارہی ہے۔
صوبائی صدر جنید اکبر خان کی جانب سے ضلعی عہدیداروں کو اس حوالے سے بھرپور تیاری کیساتھ آنے کی ہدایت کی گئی ہے، احتجاجی مظاہروں میں عمران خان کے مقدمات عدالتوں میں جلد لگانے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
پارٹی ذرائع کا مزید بتانا ہے کہ احتجاجی مظاہروں میں تحریک انصاف کے ساتھ حکومتی رویے کی مذمت کی جائے گی جبکہ عمران خان کی رہائی کا بھی مطالبہ کیا جائے گا۔