حکومت کی جسٹس منصور کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل
Justice Mansoor Ali Shah
فائل فوٹو
اسلام آباد:(ویب ڈیسک) وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ کے فیصلے کیخلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کر دی ہے۔

واضح رہے کہ یہ اپیل ایڈیشنل رجسٹرار جوڈیشل کیخلاف توہین عدالت کیس سے متعلق ہے، جس میں وفاقی حکومت نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ 27 جنوری کو جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔

حکومت نے موقف اختیار کیا کہ جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں بنچ نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا اور توہین عدالت کے کیس میں ججز کمیٹی کے اختیارات پر کارروائی چلائی۔

اپیل میں مزید کہا گیا کہ توہین عدالت کے کیس میں پریکٹس اینڈ پروسیجر کمیٹی کے فیصلوں پر بحث نہیں کی جا سکتی۔

خیال رہے کہ اس اپیل کے ذریعے وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے بنچ کے فیصلے کو چیلنج کیا ہے اور عدالت سے درخواست کی ہے کہ اس فیصلے کو منسوخ کیا جائے تاکہ معاملے کی شفاف اور درست انداز میں سماعت ہو سکے۔