
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہمارا فی الحال احتجاجی سیاست کا کوئی موڈ نہیں ہے، اگر کوئی اپوزیشن جماعت جلسے کرنا چاہتی ہے تو کرلے اسکی اپنی مرضی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں بھی اختلافات ہیں، سب جماعتوں کا اپنا اپنا منشور ہے، ہر جماعت نے اپنے منشور کے مطابق چلنا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے بعد چیف جسٹس کے اختیارات کو محدود کردیا گیا ہے، 26ویں ترمیم کے ذریعے عدل کا نظام حکومت کے پاس چلا گیا ہے، ماضی میں چلائی گئی عدلیہ بحالی تحریک صرف صدر مشرف کو عہدے سے ہٹانے کیلئے تھی۔
علاوہ ازیں ایک اور ٹی وی پروگرام میں بات کرتے ہوئے گرینڈ اپوزیشن الائنس کے حوالے سے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ابھی اپوزیشن کی ملاقاتوں کو گرینڈ اپوزیشن الائنس کا نام دینا مناسب نہیں ، ابھی تو بات چیت ہو رہی ہے، ابھی تمام جماعتوں کے ایک دوسرے کیساتھ تحفظات ہیں ، تمام جماعتوں نے ایک دوسرے کیخلاف الیکشن لڑا ہے۔
انہوں نے مزید کہا باہمی اختلافات ہونے کے باوجود سیاسی جماعتیں ملکی مفاد کیلئے ایک پیج پر ہیں، آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی،ملکی مسائل پر بات چیت، آئینی ترامیم کی مخالفت کے معاملات پر اپوزیشن جماعتیں متفق ہیں۔