ایکس پر پابندی ختم کی جائے،خواجہ سعد رفیق
Khwaja Saad Rafiq
فائل فوٹو

لاہور:(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" (سابقہ ٹوئٹر) پر عائد پابندی کو بے فائدہ قرار دیتے ہوئے اس کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر کی جانے والی ایک پوسٹ میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ایکس پر پابندی کو ایک سال مکمل ہوچکا ہے، مگر اس کا کوئی مثبت اثر نظر نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ ہر کوئی وی پی این (VPN) کے ذریعے ایکس استعمال کر رہا ہے، لہذا اس پابندی کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس پابندی کے نتیجے میں صرف عوام کو مشکلات کا سامنا ہے، اور یہ پابندی ایک غیر مؤثر حکمت عملی ثابت ہوئی ہے۔

خواجہ سعد رفیق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس پابندی کو ختم کرے تاکہ عوام کو اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم تک رسائی دوبارہ مل سکے۔

ذہن نشین رہے کہ پاکستان میں گزشتہ ایک سال سے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر پابندی عائد ہے، جس پر مختلف سیاسی رہنماؤں اور عوام نے شدید احتجاج کیا ہے۔

خیال رہے کہ خواجہ سعد رفیق کی طرف سے یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب مختلف حلقے اس پابندی کے خاتمے کی ضرورت پر زور دے رہے ہیں۔