
مارچ میں منعقد ہونے والے میٹرک امتحانات اب رمضان المبارک اور عید الفطر کے بعد لیے جائیں گے۔
محکمہ تعلیم سندھ نے اس بات کا فیصلہ ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں کیا ہے، حتمی فیصلہ منگل کو وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ کی زیر صدارت ہوگا۔
ذرائع کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ نے میٹرک امتحانات کی تاریخوں میں تبدیلی کے حوالے سے تجویز پیش کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ مارچ میں صرف پریکٹیکل امتحانات لیے جائیں گے، جبکہ باقی امتحانات عید کے بعد منعقد کیے جائیں گے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں طلباء اور والدین کو رمضان کے مہینے میں امتحانات کے بوجھ سے نجات ملے گی۔
ذہن نشین رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال کراچی میں گرمی کی شدت اور ہیٹ ویو کی وجہ سے میٹرک امتحانات ملتوی کر دیے گئے تھے۔ اس بار محکمہ تعلیم نے یہ فیصلہ رمضان المبارک اور طلباء کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔
وزیر تعلیم سندھ نے مزید کہا کہ آئی بی اے ٹیسٹ پاس اساتذہ کی بھرتیوں کے عمل میں بھی توسیع کی جائے گی، تاکہ تعلیمی معیار مزید بہتر ہو سکے۔
دوسری جانب طلبہ کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سندھ بھر کے طلبہ کیلئے خوش آئند ہے، کیونکہ اس سے نہ صرف امتحانات کی تیاری کیلئے اضافی وقت ملے گا، بلکہ رمضان کے دوران امتحانات کا دباؤ بھی کم ہو جائے گا۔