
جیل ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ان کے بیٹوں سے ٹیلی فون پر بات جیل مینوئل کے تحت کرائی۔
عمران خان کے وکیل فیصل چودھری نے بانی پی ٹی آئی کی بیٹوں سے بات کرانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اڈیالہ جیل حکام نے عمران خان کی ان کے بیٹوں قاسم اور سلیمان خان سے بات کرانے کی اطلاع دی ہے۔
فیصل چودھری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قاسم اور سلیمان سے واٹس ایپ کال کے ذریعے بات کرائی گئی، بانی پی ٹی آئی نے بیٹوں سے ان کی خیریت دریافت کی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز ہی تحریک انصاف کی جیل سے باہر قیادت نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے عمران خان کی بیٹوں سے بات نہ کرانے کی شکایت بھی تھی۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں نے چیف جسٹس سے ملکی حالات اور تحریک انصاف کے ساتھ حکومتی رویئے پر بھی بات کی تھی جبکہ ملاقات میں پی ٹی آئی کارکنان کے مقدمات کا معاملہ بھی زیر بحث آیا تھا۔
یہ بھی واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے تحریک انصاف کی قیادت کو سسٹم میں رہنے اور بائیکاٹ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا جس کی آج چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے تصدیق بھی کی ہے۔