
نوشہرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ غلطی ہماری نہیں غلطی قوم سے ہوئی ہے جو انہوں نے اس شخص پر اعتماد کیا ، خیبرپختونخوا میں علی امین گنڈا پور کے دور میں کونسا کام ہوا ہے؟
انہوں نے کہا کہ عوام بہت تکلیف میں ہیں، عوام کی مشکلات کا ان کو اندازہ نہیں ہے ، خیبرپختونخوا میں نوجوان بڑی تعداد میں بیروزگار ہیں، بہت جلد ایک کتاب لکھ رہا ہوں جس میں ملک کیساتھ ہونے والے کھلواڑ بارے تفصیل سے بتاؤں گا۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ میں نے ضلع نوشہرہ میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا ہوا ہے، زرعی زمینوں کیلے ٹیوب ویل کے جال بچھائے، گاؤں گاؤں ہسپتال، مساجد ، سکولز اور سڑکیں بنوائیں۔
پرویز خٹک جمعیت علمائے اسلام میں شمولیت کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا میں فی الحال کسی سیاسی جماعت میں شامل نہیں ہو رہا، میری جماعت عوام ہیں، میں وہ شخصیت ہوں جس کیساتھ پوری عوام کھڑی ہے۔