
تفصیلات کے مطابق جمعہ کو اپوزیشن رہنماؤں کی چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماوں نے پابند سلاسل بانی چئیرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ملاقات نہ ہونے کا شکوہ کیا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے چیف جسٹس سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کی ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا کہ ملاقات میں عمر ایوب، شبلی فراز، بیرسٹر گوہر علی خان، بیرسٹر علی ظفر، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ، لطیف کھوسہ،ڈاکٹر بابر اعوان نے شرکت کی ہے۔
خیال رہے کہ رجسٹرار محمد سلیم خان اورسیکرٹری قانون و انصاف کمیشن تنزیلہ صباحت نے چیف جسٹس کی معاونت کی،پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) وفد کی چیف جسٹس سے ملاقات 2 گھنٹے تک جاری رہی۔
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما سینیٹر علی ظفر نے نجی نیوز چینل کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ چیف جسٹس نے ہمارا موقف سنا، لیکن کوئی جواب نہیں دیا، انہوں نے ملاقات کے آغاز پر ہی کہہ دیا تھا کہ اس ملاقات کا ایجنڈا عدالتی اصلاحات ہیں۔
بیرسٹر علی ظفر نے مزید بتایا کہ چیف جسٹس نے کہہ دیا تھا کہ ہم جو کچھ بھی کہیں گے، وہ ہمیں روکیں گے نہیں، مگر اس کا جواب نہیں دیں گے۔